فرقہ پرست بی جے پی اورآر ایس ایس بھارت کو ہندو ریاست بنانے کے درپے ہیں
وندے ماترم گانے کو بھارت سے وفاداری کا امتحان نہ بنایا جائے، اسد الدین اویسی
نئی دلی:
بھارتی رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہاہے کہ فرقہ پرست بی جے پی اورآر ایس ایس بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانے کے درپے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسد الدین اویسی نے ایک انٹرویو میںمودی حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے پر کڑی تنقید کی جس کے تحت وندے ماترم کا قومی ترانہ کی طرح احترام لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وندے ماترم گانے اور اس کا احترام کرنے کوبھارت سے وفاداری کا امتحان نہیں سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین ہم لوگ سے شروع ہوتا ہے نہ کہ بھارت ماتا کی جئے جیسے نعروں سے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ ویر ساورکر کو بھارت رتن دینے کے مطالبے پر تنقید کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہاکہ جسٹس کپور کمیشن نے ساورکر کو مہاتما گاندھی کے قتل کی سازش میں ملوث قراردیاتھا۔ ٹیپو سلطان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیپوسلطان انگریزوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔انہوں نے ویرساورکر کی طرح انگریزوں کو خطوط نہیں لکھے تھے۔






