اوورسیز پاکستان فائونڈیشن کے چیئرمین کا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا دورہ
حریت کنوینر غلام محمد صفی سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

مظفر آباد اسلام آباد :
اوورسیز پاکستان فائونڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا کی قیادت میں ایک وفد نے مظفرآباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور کنوینر غلام محمد صفی اور دیگرحریت رہنمائوں سے ایک ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔غلام محمد صفی نے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین اور تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی منظم اور سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قابض انتظامیہ کی طرف سے شہری آزادیوں پر قدغنیں، سیاسی رہنمائوں اور نوجوانوں کی گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں، ذرائع ابلاغ پرقدغن ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور املاک سے متعلق متنازع اقدامات کشمیری عوام کی شناخت، حق ملکیت اور بنیادی حقوق کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کے اس ماحول میں کشمیری عوام اپنے بنیادی حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی یا سیاسی تنازع نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقِ خود ارادیت اور انسانی وقار کا مسئلہ ہے، جس کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام صرف کشمیری عوام کو ان کا جائز اور تسلیم شدہ حق خودارادیت دے کر ہی قائم ہو سکتا ہے ۔غلام محمد صفی نے اورسیز پاکستان فائونڈیشن کے وفد کی جانب سے بیرونِ ممالک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں اور کشمیری عوام کی موثر آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ باور کرانا ناگزیر ہے کہ مسئلہ کشمیر دراصل حق خودارادیت کے ساتھ ساتھ انصاف، اور انسانیت کا مسئلہ ہے۔اس موقع پر سید قمر رضا نے حریت قیادت کو یقین دلایا کہ بیرونِ ممالک ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ حق کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی برادری سفارتی، سماجی اور عوامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی تاکہ کشمیری عوام کی آواز موثر انداز میں عالمی برادری تک پہنچ سکے۔






