بھارت میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، تمام سات افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

نئی دہلی :بھارتی جزیرے انڈومان میں ایک ہیلی کاپٹرتکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا،تاہم بروقت ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں تمام سات افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آج (منگل کی) صبح تقریباًساڑھے نو بجے انڈومان و نکوبار جزائر کے قریب ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر نے صبح تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر شہر سری وجیا پورم سے مایابندر کے لیے اڑان بھری۔ پرواز کے دوران فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث پائلٹ کو مایابندر کے قریب سمندر میں کنٹرولڈ کریش لینڈنگ کرنا پڑی۔ہیلی کاپٹر میں 2 عملے کے ارکان اور 5 مسافر سوار تھے، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ تمام افراد کو سمندر سے ریسکیو کر کے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔سینئر سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث پائلٹ نے پانی پر کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔







