کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے، غلام محمد صفی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ بھارت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق غلام محمد صفی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے مسلسل محروم رکھنا عصرِ حاضر کی سب سے منظم اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی حقوق کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر عملی طور پر دنیا کا سب سے بڑا عسکری قید خانہ بن چکا ہے، جہاں تقریبا 10لاکھ قابض فوجی تعینات ہیں اور پورا مقبوضہ علاقہ ایک مستقل خوف، جبر اور نگرانی کی علامت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز گھروں، بازاروں، تعلیمی اداروں اور دفاتر پر بھارتی فورسز کے چھاپے، بلاجواز گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل اور اظہارِ رائے اورمیڈیا کی آزادی پر قدغن مقبوضہ کشمیرمیں روزکامعمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبوررنے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول مسلط ہے ۔ حریت کنوینر نے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت 150سے زائد کشمیری نظربندوں کو وادی کشمیر سے بھارت کی جیلو ںمیں منتقلی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انسانی حقوق واقعی عالمگیر ہیں تو پھر کشمیری عوام ان حقوق سے کیوں محروم ہیں؟ کیا انسانی حقوق بھی جغرافیہ، مذہب اور طاقت کے توازن کے مطابق تبدیل ہو جاتے ہیں؟انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں،جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں ان سے کیاگیا ہے ۔غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ، اسلامی ممالک، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ محض رسمی بیانات تک محدود رہنے کے بجائے کشمیریوںکو بھارتی ظلم و تشد د سے نجات اورانہیں کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دلانے کیلئے موثراورعملی اقدامات کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے اب بھی اپنی خاموشی ترک نہ کی تو انسانی حقوق کا عالمی دن محض ایک رسمی دن بن جائے گااورمقبوضہ علاقے میں ظلم، جبر اور انسانیت کی توہین کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام ہر قیمت پر اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ایک دن مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔








