جموں پریس کلب کے باہر ڈیلی ویجرز کا احتجاجی مظاہرہ

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںیومیہ اجرت پر کام کرنے والے کارکنوں نے جموں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئےقابض حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کی مذمت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ احتجاج آل ڈیلی ویجرز جموں و کشمیر سنگھرش سمیتی کے زیراہتمام کیا گیا۔ مظاہرین نے محکمہ دیہی ترقی میں کئی دہائیوں سے مناسب اجرت یا مراعات کے بغیر کام کرنے والے مالی و چوکیداروں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔سمیتی کے صدر سنی کانت چِب نے کہا کہ مزدوروں کو حکام کی طرف سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ مناسب ادائیگی یا حاضری کا کوئی نظام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے 22 سال تک بغیر تنخواہ کے کام کیا اور ان کے خاندانوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔سمیتی نے قابض حکومت کو 31 مارچ سے پہلے کم از کم اجرت کے قانون کو نافذ کرنے اور شکایات کو دور کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے، اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میںاحتجاج میں شدت لانے کی دھمکی دی ۔







