اتر پردیش : برہمن خاندان کے ہاتھوں ایک دلت نوجوان قتل

لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنو میں ہولی کی تقریبات کے دوران اونچی ذات کے ایک برہمن خاندان کے افراد نے چاقو کے وار کر کے ایک 22سالہ دلت نوجوان سورج گوتم کو قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سورج گوتم کو اپنے برہمن پڑوسی موہت تیواری کو "ہیپی ہولی” کہہ کر مبارکباد دینے پر قتل کیاگیا۔بھارت میں رائج ذات پات کے نظام کی وجہ سے اختلافات کی بنیاد پر جھگڑا شروع ہوا اور موہت تیواری کی بہن شیوانی تیواری اور والدہ رنجنا تیواری نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شیوانی نے سورج گوتم پر متعدد مرتبہ چاقو سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گیا۔واقعے کی وائرل ویڈیو میں سورج گوتم کی والدہ کو غم و غصے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس واقعے پر اتر پردیش میں دلت برادری میں شدید غم و غصہ پایاجاتاہے اور وہ انصاف کیلئے احتجاج کر رہے ہیں ۔ان کاکہنا ہے کہ بھارتی پولیس ملزمان کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ مبصرین کے مطابق یہ واقعہ بھارت میں ذات پات پر مبنی امتیاز اور فرقہ وارانہ کشیدگی کی ایک اور تشویشناک مثال ہے۔






