نئی دلی :نریندر مودی کے امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے مبینہ سرینڈر پر بھارتی اپوزیشن کا احتجاج

نئی دلی: بھارتی اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ کے داخلی دروازے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اوروزیراعظم نریندر مودی کو مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خارجہ پالیسی کے معاملات پر ناکامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اپوزیشن ارکان نے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ممبران پارلیمنٹ نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے،جن پر مودی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے اور حکومت کی جانب سے خطے کے حالات سے نمٹنے پر تنقید کی گئی تھی۔ ایک بینر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ نریندر مودی کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ امریندر سنگھ راجہ نے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کے موقف پر سوال اٹھانا اور اسے جوابدہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے وزیر اعظم نریندر مودی کا مبینہ سرینڈرملک کے کسانوں، تاجروں اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ ایک بڑا سمجھوتہ ہے۔احتجاج میں کئی معطل ارکانِ پارلیمنٹ بھی شریک تھے جنہیں اجلاس کے پہلے مرحلے کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خارجہ اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔





