بھارت
بھارت : زیر تعمیر دیوار گرنے سے 7 مزدور ہلاک
نئی دلی: بھارت میں زیر تعمیر سائٹ پر دیوار گرنے سے 7 مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ حادثہ گروگرام شہر میں پیش آیا جہاں سگنیچر گلوبل سوسائٹی میں تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق تعمیراتی سائٹ پر زور دار آواز دیوار گرنے کی تھی جس کے نتیجے میں 12 سے 15 مزدور ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری مدد کو پہنچ گئیں اور ہیوی مشینری کی مدد سے ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیاگیا۔ ڈاکٹروں نے 7مزدوروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ 4مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔یہ حادثہ زمین دھنسنے کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔







