منی پور میں کشیدگی برقرار، بھارتی فوجی سمیت 20 افراد یرغمال
نئی دلی:
بھارت کی شورش زدہ شمال مشرقی ریاست منی پور میں جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے جہاں مسلح گروہ کی جانب سے بھارتی فوجی سمیت 20 افراد کو یرغمال بنالیاگیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس واقعے نے ریاست میں پہلے سے جاری بدامنی اور داخلی تنازعات کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ککی برادری سے وابستہ افراد نے ایک کارروائی میں 20 افراد کو یرغمال بنا لیا جن میں ایک بھارتی فوجی بھی شامل ہے۔بھارتی جریدے کی رپورٹ کے مطابق منی پور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دو نسلی گروپوں، ککی اور ناگا کے درمیان جاری تصادم کا نتیجہ ہے۔ ریاست میں گزشتہ کئی مہینوں سے مختلف گروہوں کے درمیان جھڑپیں اور کشیدگی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس سے قبل ناگا گروہ سے وابستہ مسلح افراد نے ککی برادری کے کسانوں پر حملہ کر کے 2افراد کو اغوا کر لیا تھا جس کے بعد دونوں گروہوں کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا۔ماہرین کے مطابق منی پور میں جاری بدامنی اور نسلی تنازعات نے ریاست کی مجموعی صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے موثر مذاکرات اور جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بھارت کی ریاستوں میں مختلف نسلی اور علیحدگی پسند تحریکیں کئی دہائیوں سے موجود ہیں، تاہم حالیہ کشیدگی نے ایک بار پھر اس خطے کی سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔







