بھارت :مودی کی نقل اتارنے اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر طنزیہ ویڈیو پوسٹ کرنے پر استاد معطل
بھوپال: مودی کے بھا ر ت میں اختلاف رائے کے لئے گنجائش روز بروز تنگ ہوتی جارہی ہے، تازہ ترین واقعے میں بھارتی وزیر اعظم کی نقل اتارنے اور مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی بڑھتی ہوئی قیمت پرایک مختصر ویڈیو پوسٹ کرنے پر ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شیو پوری میں ایک سرکاری اسکول کے استاد کو معطل کر دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق استاد ساکیت پروہت کو بی جے پی کے رکن اسمبلی پریتم لودھی کی شکایت کے بعد تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑاجس نے ان پر بدامنی پھیلانے کا الزام لگایا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے پروہت پر سنگین بے ضابطگی اور سول سروس رولز کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاکر معطل کر دیا۔پروہت نے کہا کہ انہیں اپنا دفاع پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔اس سے بھارت میں اظہار رائے کی آزادی خاص طور پر سرکاری ملازمین پر پابندیوں پر تشویش پیدا ہوئی۔استاد کی معطلی بھارت میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر عوامی غم وغصے کے بعد سامنے آئی ہے۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے اورسوشل میڈیا پر مہنگائی اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بحث زورپکڑ رہی ہے، جہاں صارفین اکثر طنزیہ ویڈیوز اور حکومتی پالیسی پر تنقید کرتے ہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارت کے سرکاری اداروں خاص طور پر بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میںسیاسی اختلاف کے لیے بڑھتے ہوئے عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے جہاں حکومت پر تنقید کو روکنے کے لیے اکثر سروس رولز کا استعمال کیا جاتا ہے۔







