پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے مار گرائے ،امریکی صدر ٹرمپ کا ایک بار پھر دعویٰ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں سات طیارے مار گرائے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے دعوی کیا کہ انہوں نے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے کر دونوں جوہری طاقتوں کو جنگ روکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں سات طیارے مار گرائے گئے اور دونوں کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے لاکھوں جانیں بچانے پر ان کی تعریف کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف دراصل حال ہی میں کہاہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بند کرا کے لاکھوں جانیں بچائیں۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر 200فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی جس سے وہ جنگ روکنے پر مجبورہوئے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک سے کہا، "ہم 200 فیصد ٹیرف لگائیں گے، جس سے آپ کے لیے کاروبار کرنا ناممکن ہو جائے گا اور ہم آپ کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے۔امریکی صدر نے مزیدکہا کہ 24گھنٹے بعد انہوں نے جنگ رکوا دی۔
10مئی کو جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیاتھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس کے بعد سے وہ درجنوں بار یہ دعوی دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع حل کروانے میں مدد کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے مئی کی جنگ میں بھارت کی بلااشتعال جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے سات بھارتی طیاروں کو مار گرایاتھا جن میں تین جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے ۔






