کشمیرمیں لوگ مہنگائی کے بوجھ تلے دب رہے ہیں،مودی حکومت آنکھیں بند کیے ہوئے ہے، کانگریس

جموں،:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کو نظر انداز کرنے پربی جے پی کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے جموں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عوام کو درپیش روز مرہ کے مسائل بالخصوص بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قلت سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے بوجھ تلے دب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھانے کی اشیا سے لے کر کھانا پکانے کے ایندھن تک ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے لیکن حکومت نے لوگوں کی تکالیف پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور وہ بے شرمی سے بڑے کاروباری گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے ۔
رمن بھلا نے مزید کہا کہ جب سے بی جے پی نے اقتدار سنبھالا ہے، امیر اور غریب کے درمیان فرق کافی بڑھ گیا ہے ، مود ی حکومت کمزور طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے چند منتخب افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے پالیسیاں بنارہی ہے جس سے عام لو گوں کی مالی پریشانی دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔






