مقبوضہ جموں وکشمیر: ہندو توا طلباء کا قائد اعظم سے متعلق باب نصاب سے فوری خارج کرنے کا مطالبہ

جموں،:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہندو توا تنظیم” آر ایس ایس” سے منسلک طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے میں نصاب میں شامل ایک باب کو خارج کے اپنے مطالبے پر زور دینے کیلئے جموں یونیورسٹی میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”اے پی وی پی ” کے سکریٹری سناک شریواتس کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں شامل ہندوتوا کارکنوں نے یونیورسٹی کیمپس میں جمع ہو کر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور قائد اعظم کے بارے میں باب کو نصاب سے فوری نکالنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے محمد علی جناح کے پوسٹرز بھی پھاڑ دیے اور دھمکی دی اگر مواد نہ ہٹایا گیا تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔مبصرین کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کے حوالے سے باب نصاب سے نکالنے کا ہندو توا طلباء کا مطالبہ تعلیم میں بھی ہندو توا کے اثر و نفوز کا پتہ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو توا والوں کا اس طرح کا جارحانہ رویہ تعلیمی خود مختاری کیلئے انتہائی ضرر رساں ہے۔







