بھارت :مدھیہ پردیش میں درگاہ کی مسماری کے خلاف احتجاج

بھوپال : بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں میونسپل انتظامیہ نے ایک درگاہ کو مسمار اور اس پر رکھے کپڑے کو نذرآتش کرکے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی جس کے خلاف انہوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلمانوںنے نرمداپورم کے علاقے میں میونسپل آفس کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور درگاہ کو مسمار کرنے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔مسلم کمیونٹی کے ارکان نے کہا کہ درگارہ کو ان کی غیر موجودگی میں مسمارکیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے درگاہ پر رکھے کپڑے کو جلا دیا جس سے ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔مسلمانوںنے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مسلمانوں کے ایک رہنما محمد جنید تاجی نے کہا کہ کربلا گھاٹ پر واقع درگاہ عقیدے کا ایک پرانا مرکز ہے جہاں لوگ کئی نسلوں سے عبادات اوردعا کے لئے آتے تھے۔انہوں نے کہا کہ درگاہ محرم الحرام کے لئے بھی اہمیت رکھتی تھی کیونکہ اس ماہ بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں آتےتھے۔




