بی جے پی غیر قانونی ووٹروں کے ذریعے بنگال کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہی ہے: ممتابنر جی
کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بی جے پی ریاست کی انتخابی فہرستوں میں بہار، راجستھان، ہریانہ اور اتر پردیش کے غیر قانونی ووٹرز کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ انتخابی نتائج کو اپنے حق میں کرسکے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے جمع کردہ فارم 6 درخواستیں "غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر جمہوری” ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت کر کے خواتین اور اقلیتوں کے نام ووٹر فہرست سے حذف کر رہی ہے۔
ٹی ایم سی سربراہ نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ انہیں تمام 294 سیٹوں پر کامیاب کریں۔ انہوںنے خبردار کیا ہے کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ گوشت کھانے پر پابندی عائد کرے گی اور این آر سی کو نافذ کرے گی۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر سے اب تک تقریباً 63.66 لاکھ نام ووٹر لسٹوں سے حذف کیے جا چکے ہیں ۔







