مقبوضہ کشمیر : سڑک حادثات میں ایک شخص کی جان ضائع، 5بچوں سمیت9افراد زخمی
اوڑی میں آتشزدگی، گرڈ سٹیشن کوارٹر خاکستر
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے مختلف اضلاع سے کم از کم پانچ حادثات رپورٹ ہوئے ۔ضلع سانبا میں جمودا کے قریب ایک ڈمپر سڑک سے پھسل کر نالے میں گر گیا جس سے ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ ضلع بڈگام کے علاقے کائوسہ میں ایک کار سڑک پر الٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع گاندربل کے علاقے گنڈ کنگن میں مال گاڑی کے الٹنے سے تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ سری نگر کے پاریم پورہ میں ایک شخص چلتی گاڑی سے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ضلع بارہمولہ میں شٹلو کے قریب ایک بس حادثے کا شکار ہونے کے بعد ایک اسکول کے پانچ بچے زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا ضلع بارہموکے علاقے اوڑی سلام آباد میں آج( جمعہ )آتشزدگی کے واقعے میں گرڈ اسٹیشن کوارٹر جل کر خاکستر ہوگیا، جس سے ملازمین میں خوف وہراس پھیل گیا۔آگ ایک گرڈ سٹیشن میں بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے سے پہلے ہی کوارٹر خاکستر ہو گیا۔ فائر ٹینڈرز اور مقامی افراد نے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں حصہ لیا۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔حکام نے کہا کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔






