بھارت :حیدرآباد میں مویشی تاجروں پرہندوانتہاپسندوں کا حملہ
حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں حیدرآباد کے علاقے ٹکوگڈا میں نام نہادگاﺅ رکھشکوں(گائے کے محافظوں) نے مویشی تاجروں کے ایک گروپ پروحشیانہ حملہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں مویشیوں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو ہندو انتہا پسندوںے روکا۔ متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود پولیس نے حملے کو روکنے کے لئے کوئی کارروانی نہیں کی۔تاجروں نے بتایا کہ وہ 14 بیلوں کو مالے پلی سے مقامی ہفتہ وار بازار لے جا رہے تھے جب ایک موڑ پر مسلح افراد کے ایک گروپ نے انہیں روک لیا۔ ایک ویڈیو میں زخمی افراد میں سے ایک بتارہا ہے کہ تقریباً 100سے150 افراد نے ہمیں روکا جن کے پاس لاٹھیاں، لوہے کی سلاخیں اور دیگر ہتھیار تھے اور انہوں نے بغیر کسی وارننگ کے ہم پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس جانوروں کو لے جانے کے لیے تمام ضروری دستاویزات موجود تھے۔ ایک اور شخص نے کہا کہ اجازت نامہ موجود ہونے کے باوجود ہمیں نہیں بخشا گیا۔متاثرین نے بتایاکہ ان کے ساتھی کی انگلی میں فریکچر ہو اہے جبکہ استعمال ہونے والی گاڑی کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بروقت کارروائی کرنے میں ناکام رہی اور جائے وقوعہ پر موجود پولیس افسران نے حملے کو روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے جبکہ ایس ایچ او بی لکشمی نرائنانے حملے کی شدت کو کم بتاتے ہوئے کہاکہ اس میں صرف چارافرد ملوث تھے۔






