محبوبہ مفتی کی ایران مریکہ جنگ بندی میںپاکستان کے کردار کی تعریف، پاک بھارت مذاکرات پر زور
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایران امریکہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امت مسلمہ کو کافی راحت اور تباہ کن عالمی جنگ کو روکنے میں مدد ملی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ءہے کہ امت مسلمہ جو ایران میں جنگ اور ہزاروں اموات کی وجہ سے تکلیف کا شکار تھی، جنگ بندی کے بعد راحت کی سانس لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت نے ممکنہ تیسری عالمی جنگ کو روک دیا اور دنیا کو ایک بڑی تباہی کے دہانے سے واپس لایا۔محبوبہ مفتی نے جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سفارتی کوششوں سے کشیدگی کو کم کرنے اور امن بحال کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور بین الاقوامی سطح پر اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔پاکستان کے خلاف مسلسل محاذآرائی پر بھارتی رہنماو¿ں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کوپاکستا ن دشمنی سے باہر نکلنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعمیری کردار کو تسلیم کرنے سے بھارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا اوربھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرے تاکہ تصفیہ طلب مسائل کو حل کیا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے جنگ بندی کو عالمی امن کے لیے ایک عظیم دن قرار دیا۔
دریں اثناءنیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ تنازعات کو حل کرنے کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ اس نے متعلقہ ممالک کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی توفیق دی۔






