پاکستان نے ایران – امریکہ جنگ کو روکنے کے لئے اہم کردار ادا کیا:نیشنل کانفرنس
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیاہے جبکہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے بھارت اس طرح کی پہل کرنے کی صلاحیت سے محروم رہا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ناصر اسلم وانی نے سرینگر میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کرکے ایک بہت اچھا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کام سب سے پہلے ہمیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ اس کردار کی توقع بھارت سے کی جارہی تھی کیونکہ بھارت کوایک غیر وابستہ ملک سمجھا جاتا تھا، لیکن ہم اب پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے ساتھ ہمارے تعلقات یہ قدم نہ اٹھانے کی وجہ بن گئے ہیں۔ناصراسلم نے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کہ بڑے جنگ سے بچنے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کسی نے دونوں ممالک کو ایٹمی جنگ سے بچانے کے لیے پہل کی ہے۔






