مقبوضہ کشمیر:دربار مو، سرکاری دفاتر کی جموں سے سرینگر منتقلی کا شیڈول جاری
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سالانہ دربار موکے تحت جموں سے سرینگر سرکاری دفاتر کی باقاعدہ منتقلی کا شیڈول جاری کر دیاگیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گرمیوں کے سیشن 2026کیلئے اس منتقلی کا آغاز آئند ہ ماہ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں دفاتر کے بند ہونے ، دوبارہ کھلنے ، ٹرانسپورٹ ، سیکورٹی اور انتظامی امور سے متعلق تمام تفصیلات ایک حکم نامے میں واضح کی گئی ہیں۔ حکمنامے کے مطابق پانچ روزہ ہفتہ وار ڈیوٹی سرانجام دینے والے دفاتر 30اپریل کی شام کو جموں میں بند ہونگے جبکہ چھ روز کام کے شیڈول والے دفاتر 2مئی کو بند کیے جائیں گے۔ تمام دفاتر 4مئی کو سرینگر میں باضابطہ طور پر دوبارہ کھولے جائیں گے۔ مقبوضہ علاقے کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم اور 3مئی دفاتر کیلئے مناسب تعداد میں بسیں فراہم کرے۔ اس سلسلے میں ٹکٹوں کی پیشگی بکنگ 20اپریل سے شروع ہو جائے گی۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ جموں سے سرینگر کے درمیاں مختلف مقامات اھمپور، رام بن ، رامسو ، بانہال ، قاضی گنڈ وغیرہ میں طبی سہولیات کا بندوبست کیاجائے گا۔








