فلسطینیوں پر جاری طویل قبضے کے خاتمے تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ، میر واعظ
کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں، نما ز جمعہ کے اجتماع سے خطاب

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ جب تک فلسطینیوں پر جاری طویل قبضے کو ختم اور ناانصافیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا اس وقت تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج کی تاریخی جامع مسجد میں نما ز جمعہ کے اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے کیلئے سعودی عرب، ترکی اور مصر کی حمایت سے جو کوششیں کر رہا ہے وہ قابلِ قدر ہیں اورہم دعا کرتے ہیں کہ یہ مخلصانہ کوششیں کامیاب ہوں کیونکہ پوری دنیا امید کے ساتھ ان کوششوں کی طرف دیکھ رہی ہے ۔میر واعظ نے مزید کہا کہ اس سنگین عالمی بحران کے دوران تمام مذاہب اور برادریوں کے مذہبی رہنماﺅں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ یک زبان ہو کر انسانیت کے حق میں آواز بلند کریں ،جنگ اور جارحیت کی مذمت کریں اور امن، مکالمہ اور انصاف کو ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ قرار دیں۔
میرواعظ عمر فاروق نے مزید کہا اس سال حج کا مقدس سفر ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ شدید بحران اور اضطراب کے دور سے گزر رہا ہے، ایران، لبنان اور فلسطین میں تکلیف دہ خونریزی اور بے یقینی کے مناظرہیں۔ معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں ، لوگ مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں اور پوری کی پوری آبادیاں اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حمایت کے ساتھ اسرائیل کی جانب سے جارحیت جنگ بندی کے وعدوں کے باوجود بدستور جاری ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ ایسے حالات میں حج کا فریضہ محض ایک انفرادی عبادت نہیں بلکہ یہ ایک ایسا اجتماعی موقع بن گیا ہے جب امت اللہ کے حضور امن اور انصاف کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ حج کا عظیم الشان عالمی اجتماع مسلم امہ کے ضمیر کی نمائندگی کرتا ہے۔







