کرناٹک : امریکی خاتون سیاح کو آبروریزی کا نشانہ بنایا گیا

بنگلور:بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک امریکی سیاح کو عصمت دری کا نشانہ بنایا گیا ۔ متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ملزم ورجیش کمار نے اسے نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کر دیا اور اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ خاتون کو تین روز تک حبس بے جا میں رکھا گیا اور کسی سے اس بارے میں رابطہ کرنے سے روک دیا گیا۔ امریکی سیاح خاتون ریاست کے کٹہ دیہات کے دیوی ولاہوم سٹے میں مقیم تھی ۔ اس دوران ریاست جھار کھنڈ کے رہنے والے ورجیش کمار نے اسے ایک مشروب میں نشہ آور چیز ملا کر دی اور آبروریز ی کی۔ خاتون نے پولیس میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میںکہا کہ ہوم اسٹے کے مالک وشال نے واقعے کا علم رکھنے کے باوجود اس جرم کی پردہ پوشی کی کوشش کی اور اسے تین روز تک کسی سے رابطہ کرنے سے روکے رکھا اور ہوم اسٹے کا وائی فائی بھی معطل کر دیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ تین روز کے بعد وہ جگہ چھوڑنے میں کامیاب ہو گئی اور میسور پہنچ گئی جہاں اس نے امریکی سفارتخانے سے رابطہ کیا اور اسے اس واقعے سے آگاہ کیا۔سفارتخانے کے حکام نے میسور کے حکام سے رابطہ کر کے انہیں اس حوالے سے مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں عصمت دری کے ملزم اور ہوم اسٹے کے مالک کو گرفتار کیا گیا ، عدالت نے انہیں تین مئی تک عدالتی تحویل میں دیا ہے ۔








