مقبوضہ جموں وکشمیر : بھارتی سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس کے ایک اہلکار نے ترال میں خودکشی کر لی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترال کے علاقے لاڈی یار میں سی آر پی ایف کی 180بٹالین کے اہلکاربسو انوین کمار نے اپنی سروس رائفل سے گولی مارکرخودکشی کرلی ہے ۔ بسوانوین کمار کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال پہنچانے سے قبل ہی سی آر پی ایف اہلکار کی موت واقع ہو چکی تھی۔ ایک بھارتی پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی کی وجوہات جاننے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں ترل پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیاگیاہے ۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں میں طویل عرصے تک تعیناتی ،گھر سے دوری، شدیداعصابی تنائو اور مایوسی کی وجہ سے خودکشی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے ۔ یوگا اور "آرٹ آف لیونگ” جیسی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیرمیں تعینات بھارتی قابض فوج میں خودکشی کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔







