اسلام آباد: حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں دعائیہ مجلس کا انعقاد

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے دفتر میں دعائیہ مجلس کا انعقاکیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت دعائیہ مجلس میں میں تحریک آزادی کشمیر کے کارکن مرحوم محمد اعظم کے ایصالِ ثواب، تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما مرحوم میراث السلام کے درجات کی بلندی جبکہ انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن محمد احسن انتو کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دعائیہ مجلس میں حریت رہنماںنے مرحوم محمد اعظم، مرحوم میراث السلام کی تحریک آزادی کیلئے خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد احسن انتو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی ایک موثر و توانا آواز ہے جومشکل حالات کے باوجود حق و انصاف کی آواز بلند کر رہے ہیں۔
غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم محمد اعظم نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر، حقِ خودارادیت اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔ایسے مخلص اور نظریاتی کارکن کسی بھی تحریک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔انہوں نے مرحوم میراث السلام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کی ایک مدبر، باوقار اور انتہائی ملنسار شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی حق خودارادیت کی جدوجہد کے لئے وقف کی ۔ اجلاس کے شرکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ محمد احسن انتو جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ پوری توانائی کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے۔
دعائیہ مجلس کے اختتام پر مرحوم محمد اعظم اور مرحوم میراث السلام کے درجات کی بلندی اورلواحقین کے لیے صبرِ جمیل جبکہ محمد احسن انتو کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔دعائیہ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ،شمیم شال، سید اعجاز رحمانی ، زاہد اشرف ،راجہ شاہین،میاں مظفر،امتیاز وانی،سید گلشن،شیخ عبد الماجد اور دیگرشریک تھے۔







