بھارت پروپیگنڈے کے لئے ایل اے سی پر ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں کی تعداد بڑھا رہا ہے

نئی دہلی :بھارت چین کے ساتھ لگنے والی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر سرحدی علاقوں میں فوج کے حمایت یافتہ ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں کی تعداد بڑھارہا ہے جسے مبصرین حساس سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں فوجی اثر و رسوخ کو بڑھانے اورایک نیا بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش قراردیتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے ”سدبھاونا پراجیکٹ “اور حکومت کے ”وائبرینٹ ویلجز“ پروگرام کے تحت گزشتہ 18 ماہ کے دوران ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں کئی ایف ایم اسٹیشن قائم کیے ہیں۔یہ اسٹیشن اپنے پروگرام مقامی زبانوں میں نشر کرتے ہیں جن میں زراعت، سیاحت، موسم کی تازہ صورتحال، سرکاری اسکیموں اور فوج میں بھرتی کے مواقع پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے ۔ بھارتی حکام نے کہا کہ اسٹیشنوں کو دور دراز علاقوں میں نام نہاد غلط خبروں کا توڑ کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے جہاں مواصلاتی نیٹ ورک کمزور ہے۔ چین کی سرحد کے قریب واقع علاقوں میں جن میں کنور، سپتی، جوشی مٹھ، پتھورا گڑھ اور ہرسل شامل ہیں، یہ نشریات روزانہ 12 سے 14 گھنٹے تک چلتی ہیں ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حساس علاقوں میں پروپیگنڈہ ٹولز اور مخصوص معلومات پر بھارت کے بڑھتے ہوئے انحصار کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلاح و بہبود اور رابطے قائم کرنے کی آڑ میں اس طرح کے اقدامات ریاستی اثر و رسوخ کومضبوط کرنے اور سرحدی آؓبادیوں میں سرکاری بیانیے کو فروغ دینے کے لیے استعمال کئے جا رہے ہیں۔




