World

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا بھارت کے دہشتگردی الزامات کا بھرپور جواب، خفیہ کارروائیوں کے شواہد پیش

جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے ، صائمہ سلیم

اقوام متحدہ: پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے سرحد پار دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ دراصل بھارت خود بیرونِ ملک دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے اور اس کی خفیہ سرگرمیوں کے واضح شواہد موجود ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن کی کونسلر صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارت کی خفیہ کارروائیوں کا زندہ ثبوت ہے۔بھارتی مندوب ہریش پروتھانی نے پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کا ابے بنیاد لزام عائد کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستانی مندوب نے جواب کے حق کااستعمال کرتے ہوئے بھارت کے موقف کو چیلنج کیا۔یہ بحث سلامتی کونسل میں "اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کے مرکزی عالمی نظام کے استحکام "سے متعلق اجلاس کے دوران ہوئی۔صائمہ سلیم نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے جو خود بھارت اقوامِ متحدہ میں لے کر گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ کرکے بھارت اقوامِ متحدہ کے منشور اور آرٹیکل 25کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کی بھارتی کوشش کو بھی بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی، پراکسیز کے استعمال اور ماورائے عدالت قتل جیسی کارروائیوں میں ملوث ہے لیکن وہ اپنے جرائم کے نشانات نہیں چھپا سکتا۔انہوں نے حالیہ کوئٹہ ٹرین بم دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنا بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی ایک اور مثال ہے جس میں معصوم مرد، خواتین اور بچے نشانہ بنے۔صائمہ سلیم نے بھارت میں مسلمانوں، سکھوں، دلتوں اور عیسائیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریے کے تحت 200 ملین سے زائد مسلمانوں کے خلاف امتیازی اقدامات، ہجوم کے تشدد، مساجد کی مسماری اور اسلاموفوبک بیانات عالمی برادری کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں کو یاد رکھے گی جو عملی طور پر اقوامِ متحدہ کے منشور کا احترام کرتے ہیں، نہ کہ انہیں جو صرف الفاظ میں اس کا ذکر کرتے ہوئے عملی طور پر اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button