راجوری : بھارتی فورسز نے آپریشن تیز کردیا،پیرا کمانڈوز کی تازہ کمک طلب

جموں :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے ضلع راجور ی میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی آج مسلسل آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کو گزشتہ رات مزید تیز کیا گیا اور پیرا کمانڈوز کی تازہ کمک منگوالی گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقوں ڈوریمل اور گمبھیر مغلان میںہونے والے آپریشن میں بھارتی فوجیوں کے علاوہ پیراملٹری فورسز اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ۔آپریشن میں ہیلی کاپٹر ، ڈرون کیمرے اور سراغ رساں کتے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
بھارتی فورسزنے آپریشن والے علاقوںکے تمام داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پرسیل کر رکھے ہیں۔ اس طویل آپریشن، جسے آپریشن شیرووالی کا نام دیا گیا ہے، کے باعث مقامی باشندوں میں خوف اور بے یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔بھارتی حکام دعوی کر رہے ہیں کہ آپریشن علاقے کے جنگل میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کیوجہ سے شروع کیا گیا ہے ۔







