سوپور میں عارضی ملازمین کا احتجاج، ملازمت مستقل کرنے کا مطالبہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور کی میونسپل کونسل میں صفائی کا کام کرنے والے عارضی ملازمین نے منگل کو میونسپل کونسل کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے اور ان کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مظاہرین نے ہاتھوں میں جھاڑو اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے اوروہ قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ برسوں سے کنٹریکٹ یا یومیہ اجرت پر بغیر کسی تحفظ یا قانونی فوائد کے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاہم مستقبل ملازمین کے برابر ہی فرائض انجام دیتے ہیں لیکن ہمیں باقاعدہ تنخواہوں، چھٹیوں اور پنشن کے فوائد سے محروم رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے وعدہ کیاگیاتھا کہ ہماری ملازمت کو مستقل کر دیا جائے گا لیکن اب کوئی ہماری بات سننے کے لئے تیارنہیں ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اورہمیںایک دن کے صرف300 روپے ملتے ہیں ، مہنگائی کے اس دور میں تین سو روپے سے کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گزارا نہیں ہو رہا ہے اور ہم اب دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ۔ ہمارے بچے اسکول بھی نہیں جاسکتے ہیں کیونکہ ہم ان کی فیس ادا نہیں کرسکتے۔مظاہرین نے خبردارکیا کہ اگر ان کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔







