کٹھوعہ ،ادھم پور میں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے کٹھوعہ اور ادھم پور اضلاع میں لوگوں نے اپنی بنیادی ضروریات کے تئیں حکام کی بے حسی اور بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات کے خلاف احتجاج مظاہرے کئے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کٹھوعہ کے شری پرشورام چوک پر لوگوں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے محکمہ بجلی اور قا بض حکام کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ وہ عام لوگوں کو درپیش مشکلات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوںکے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر فوری ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو وہ آنے والے دنوں میں اپنے احتجاج کو مزید تیز کریں گے۔
دریں اثناءادھمپور کے اندرا چوک پرکانگریس کے ضلعی صدر سومیت مگوترا کی قیادت میں لوگوں نے بڑھتی مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کے خلا ف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ سومیت مگوترا نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی زیرقیادت حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ بہتر دنوں کے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئی لیکن اس نے عوام کو بے روزگاری اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ انہوں نے خبردارکیاکہ اگر عوامی شکایات کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو کانگریس سڑکوں اور جمہوری فورموں پر اپنی تحریک کو تیز کرے گی۔







