حریت رہنماوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پراظہار تشویش

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں بند حریت رہنماوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنما، کارکنان اور نوجوان بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں مسلسل نظر بند ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر حریت رہنماوں کو جھوٹے الزامات پرنظربند کررکھا ہے تاکہ خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا جا سکے اور کشمیری عوام کی سیاسی آواز کو دبایاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیاں، گھروں پر چھاپے اور لوگوں کو ہراساں کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے ظلم و جبر کی پالیسی اپنا کر آج تک کچھ حاصل نہیں کیا اور نہ مستقبل میں ایسی جارحانہ پالیسیاں اپنا کر کچھ حاصل کر سکے گا ۔ حریت ترجمان نے کہاکہکشمیری عوام جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاکر ہی دم لیںگے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت تحریک آزادی سے وابستگی کی بناءپر لوگوں کو ان کےگھروں اور دیگر املاک سے محروم کر کے انہیں ظلم وستم کا نشانہ بنا رہی ہے۔





