اسلام آباد:ممتاز اوورسیز کشمیری رہنما سردار ظریف خان کے اعزاز میں خصوصی تقریب
اسلام آباد: ممتاز اوورسیز کشمیری رہنما سردار ظریف خان، سردار ذوالفقار روشن اور عرفان الحسن کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار ظریف خان نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی اور بنیادی حق، حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ اور جابرانہ تسلط کشمیری عوام نے روزِ اول سے قبول نہیں کیا اور آج بھی وہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
تقریب کے میزبان کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ نے اپنے خطاب میں سردار ظریف خان اور ان کے ساتھیوں کو عالمی سطح پر کشمیر کاز کے لیے گرانقدر خدمات انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے ہمیں بیرونِ ملک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور ان کی کوششوں کو ایک منظم قومی جدوجہد کا حصہ بنانا چاہیے۔
تقریب کے دیگر مقررین میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے رہنما محمود احمد ساغر، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، محمد رفیق ڈار، پروفیسر راشد شاہ، پروفیسر وارث علی، صحافی اور دیگر شامل تھے۔









