مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں میں تیزی لائی، نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز
کشمیری اپنے شہداء کے عظیم مشن کواسکے منطقی انجام تک پہچانے کیلئے پرعزم ، کے ایم ایس رپورٹ

اسلام آباد:بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری ، جائیدادوں کی ضبطی اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں میں تیزی لائی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس )کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیاکہ بھارتی فورسز کشمیریوںکو ڈرانے دھمکانے اور ان کی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار کر رہی ہیں۔گرفتار نوجوانوں کو دور دراز کی بھارتی جیلوں میں منتقل کر دیا جاتا ہے اور یوں انکے اہلخانہ کو ان سے ملاقات یا انہیں قانونی امدادفراہم کرنے کی راہیں مسدود کی جاتی ہیں۔ بھارت کشمیری نوجوانوںکو آزادی کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنارہا ہے۔اس وقت حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروںکشمیری نوجوان مختلف جھوٹے مقدمات میں جیلوں اور عقوبت خانوںمیں بند ہیں جہاں انہیں شدید ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ان کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے کیلئے انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاتا جبکہ انہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
بھارتی پولیس نے حریت رہنما اور مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری فاروق احمد توحیدی گزشتہ روز ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی سمیت بڑی تعداد میں حریت رہنا اس وقت نئی دلی کی تہاڑ اور دیگر بھارتی جیلوں میں بند ہیں ۔ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے ملکی تحقیقاتی اداروں این آئی اے ، ای ڈی وغیرہ کو کشمیری آزادی پسندوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں۔
بھارت تنازعہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے بجائے فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر اپناغیر قانونی تسلط برقرار رکھنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے ۔ وہ جبر و استبداد کے وحشیانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اور درحقیقت وہ مقبوضہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑ رہا ہے۔کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہدا ء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں ۔KMS-07/M








