راجوری، منجاکوٹ میں زمین بیٹھنے کا سلسلہ جاری، متعدد گھر خطرے میں
شاہراہ کی تعمیر سے زمینی عدم استحکام، مقامی آبادی شدید متاثر

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے منجاکوٹ تحصیل کے کوٹلی گاؤں میں زمین کے مسلسل دھنسنے کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے، جس سے رہائشی مکانات اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ ہیوی مشینری کے ذریعے جاری شاہراہ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث زمین مسلسل دھنس رہی ہے، جس کے نتیجے میں زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک کم از کم چار رہائشی ڈھانچے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ متعدد دیگر عمارتیں بھی خطرناک حد تک کمزور ہو چکی ہیں اور کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مسلسل زمینی دھچکوں اور تعمیراتی کام کے باعث وہ شدید خوف میں مبتلا ہیں اور مزید زمین دھنسنے کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں خوف کی فضا قائم ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے سینئر افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ محکمہ تعمیراتِ عامہ نے زمینی دھنساؤ کے باعث بند ہونے والی سڑک کی بحالی کے لیے مشینری بھی تعینات کر دی ہے۔






