کراچی میں حریت وفد کی سندھ کے وزیر محنت وافرادی قوت سعید غنی سے ملاقات
مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے پر تبادلہ خیال

کراچی: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک وفد نے سندھ کے وزیرِ محنت و افرادی قوت سعید غنی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں، خطے میں امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے۔ غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں شہری آزادیوں کو سلب کیا جا چکا ہے، سیاسی قیادت پابندِ سلاسل ہے اور اظہارِ رائے کی آزادی سمیت بنیادی انسانی حقوق مسلسل پامال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم بھارتی ریاستی جبر ان کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکا۔غلام محمد صفی نے سعید غنی کو 8 جولائی کو شہید برہان مظفر وانی کی دسویں برسی کے موقع پر کراچی میں آرٹس کونسل سے پریس کلب تک یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگاہ کرنا ہے۔وزیرِ محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پاکستان کی قومی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ضرور ملنا چاہیے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے اور اس کا منصفانہ حل خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔







