شوپیاں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی چوتھے دن بھی جاری
راجوری میں بھارتی آپریشن مسلسل46ویں دن میں داخل

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسزنے آج مسلسل چوتھے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری فورسز،پیرا کمانڈوز، سینٹرل ریزرو پولیس فورساور سپیشل آپریشنز گروپ نے جمعہ کی شب ضلع شوپیاں کے علاقوں پورہ پایان، امشی پورہ، شمسی پورہ، چنا پورہ، گندھاڈو، چک شمسی پورہ اور ملحقہ علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی۔بھارتی فوجیوں نے منگل کو چوتھے روز بھی ضلع کے بڑے حصے کا محاصرہ جاری رکھا ۔ فوجیوں نے کم از کم چھ دیہات کے رہائشیوں کو گھر وں سے باہر نہ نکلنے کا حکم دیاہے اور انہیں اپنے باغات اور کھیتوں میں جانے سے بھی روک دیاگیاہے۔ بھارتی فورسز نے لوگوں کو اپنے کاروباری ادارے بند کرنے پر بھی مجبور کیا۔
ادھربھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے منجکوٹ اور سندر بنی کے علاقوں میں اپنے طویل فوجی آپریشن کو مزید تیزکردیا ہے جو آج مسلسل 46ویں روز بھی جاری رہا ۔فوجی ان علاقوں میں ڈرونز اور جنگی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں کررہے ہیں ، جبکہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی ہے۔
دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک خفیہ ٹھکانے کو تباہ کرنے اور اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی حکام نے مزید کہاہے کہ علاقے میں تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔





