کراچی :حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کا ” پاکستان سنی تحریک” کے دفتر کادورہ
''مسلم لیگ ن'' سندھ کے صدر بشیر احمد میمن سے بھی ملاقات

کراچی:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے وفد نے کراچی میں پاکستان سنی تحریک کے دفتر کا دورہ کیا اور تنظیم کے مرکزی صدر ثروت اعجاز قادری سے تفصیلی ملاقات کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، علاقے میں جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، حریت قیادت اور دیگر کی غیر قانونی گرفتاریوں، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی پالیسی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیںاور بھارت ظلم و جبرکے ہتھکنڈوں، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے باوجود انکے کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی مضبوط اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہا ہے، جس پر کشمیری عوام اسکے مشکور ہیں۔انہوںنے پاکستان سنی تحریک کی قیادت کو 8 جولائی کو شہید برہان مظفر وانی کی دسویں برسی کے موقع پر آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک منعقد ہونے والی کشمیر یکجہتی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک 8 جولائی کی کشمیر یکجہتی ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی اور اپنے کارکنان کو بھی اس میں شرکت کی ہدایت دے گی۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفدمیں غلام محمد صفی کے علاوہ شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور امتیاز وانی شامل تھے جبکہ ثروت اعجاز قادری کے علاوہ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر طیب حسین قادری، خالد ضیا، جواد قادری اور دیگر مرکزی ذمہ داران بھی ملاقات میں شریک تھے۔
دریں اثنا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر احمد میمن سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔وفد نے بشیر میمن کو 8 جولائی کو کراچی میں نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔بشیر میمن نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے 8 جولائی کی کشمیر ریلی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ اس اہم پروگرام میں بھرپور نمائندگی کرے گی ۔ اس موقع بشیر احمد میمن کے علاوہ مسلم لیگ ن سندھ کے زاہد شمیم خان، محمد نعیم خان ، خوشحال احمد بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔








