نیشنل کانفرنس دفعہ370 اور 35A کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی:فاروق عبداللہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ان کی جماعت علاقے کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے بڈگام کے علاقے بیروہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی حیثیت مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370 اور 35A کے ذریعے بھارت اور جموں و کشمیر کے درمیان آئینی تعلق قائم کیا گیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حیثیت کی بحالی سے حکومت کو مو¿ثر انداز میں کام کرنے کے لیے مزید اختیارات حاصل ہوں گے اور مقبوضہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔فاروق عبداللہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ تفرقہ پھیلانے والی قوتوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔







