شہید برہان مظفر وانی کی قربانی تحریک آزادی کشمیر کا روشن باب ہے
8 جولائی کی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل : حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
کراچی: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے زیرِ اہتمام کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے نمائندوں اور کشمیری حریت رہنمائوں نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ 8جولائی 2016کو شہید ہونے والے ممتاز نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کی قربانی نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جلا بخشی اور کشمیری نوجوانوں میں آزادی، حریت اور حق خودارادیت کے جذبے کو تقویت دی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے فوجی محاصرے، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں، گھروں پر چھاپے، سیاسی کارکنوں کی نظربندی، میڈیا پر قدغن اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی جیسے اقدامات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جوبین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی ہیں۔حریت قیادت نے کہا کہ 5 اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو انکاحقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔پریس کانفرنس کے دوران مقررین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کو عالمی سطح پر صلح جو اور امن کے علمبردار کے طور پر پہچان دلائی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہوگی۔
اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر 8 جولائی 2026 بروز بدھ کوکراچی میں آرٹس کونسل سے پریس کلب تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔حریت قیادت نے کراچی کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، وکلا، طلبہ، تاجر برادری، مزدور تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی، کشمیری مہاجرین اور میڈیاکے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ ریلی میں بھرپور شرکت کرکے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔پریس کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے شہدائے کشمیر، بالخصوص شہید برہان مظفر وانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بشیر میمن،پاکستان کنزرویٹو پارٹی کے دانش چنہ , نائب صدر کراچی مرکزی مسلم لیگ مہدی اسحاق، ایم پی اے ڈاکٹر فوزیہ حمید , جنرل سیکرٹری سندھ پیپلز پارٹی رئوف ناگوری , صدر مسلم کانفرنس آزاد جموں وکشمیررانا عزیزاورکشمیری حریت رہنما شیخ عبدالمتین ،ایڈووکیٹ پرویز احمد، امتیاز وانی، شیخ عبدالماجد، زاہد صفی، بشیر سدوزئی، نزاکت حسین، فخر عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔







