سرینگر: ڈی جی پولیس کی فورسز کو چھاپوں ، تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرنے کی ہدایت
قابض بھارتی فورسز ظلم وجبر کے باوجود کشمیریوں کو جدوجہد کے راستے سے ہٹانے میں ناکام ہو چکی ہیں

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نالن پربھاہت نے فورسز اور سیکورٹی ایجنسیوں کوپورے مقبوضہ علاقے میں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوںنے یہ ہدایت پولیس کنٹرول روم سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جاری کی ۔ اجلاس میں بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس کے سینئر حکام شریک تھے۔
ڈی جی پی نے فورسز اور ایجنسیوں کو آزادی پسند کشمیری تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور آزادی پسند کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی تیز کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں جاری بھارتی ہندوﺅں کی جاری امرناتھ یاترا کے لئے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، یاترا کے راستوں، سری نگر جموں شاہراہ، ریلوے سٹیشنوں اور دیگر اسٹریٹجک مقامات پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر گزشتہ 78برس سے فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہ کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے ایک پرامن جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور عالمی ادارے کا چارٹر انہیں اس حق کو پانے کیلئے جدوجہد کا پورا حق دیتا ہے۔بھارت کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دیکر بدنام کرنے کی کوشش کر رہاہے ، قابض بھارتی فورسز محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ،چھاپوں ، بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل اورگرفتار ی کے ذریعے کشمیریوں کو ڈرا ڈھمکاکر انہیں تحریک آزادی سے باز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں جس میں وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔







