مقبوضہ جموں و کشمیر
بادل پھٹنے سے سڑک کو نقصان ، بجلی اور پانی کی سپلائی معطل

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع اسلام آباد میں اتوار کو بادل پھٹنے سے پہلگام-آوورہ-بجبہاڑہ سڑک کو نقصان پہنچا، جس سے ٹریفک میں خلل پڑا اور علاقے میں بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بادل پھٹنے سے سڑک کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا جس سے علاقے میں رابطہ اور ضروری خدمات متاثر ہوئیں۔احتیاطی تدابیر کے طور پر سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بادل پھٹنے کے بعد بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی متاثر ہوئی۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تباہ شدہ سڑک کی بحالی اور بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی کو جلد از جلد بحال کرے تاکہ مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو درپیش مشکلات کو کم کیا جاسکے۔







