بی جے پی ہمارے ارکان اسمبلی کو پیسے دیکر جموں وکشمیر کی حکومت کو گرانے کی سازش کر رہی ہے: عمر عبداللہ

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انکشاف کیا ہے کہ بی جے پی نیشنل کانفرنس میں پھوٹ ڈال کر اور ہمارے ارکان اسمبلی کو 20 سے 30 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے ہماری حکومت گرانے کی سازش کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسوںاور وزارتوں کی پیشکش کے باوجود ناکام ہونے کے بعد بی جے پی اب این سی کے ارکان اسمبلی سے ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاخدا گواہ ہے کہ جموں کے ایک رکن اسمبلی نے مجھے بتایا کہ بی جے پی کے ایک عہدیدار نے جو سپریم کورٹ کے وکیل بھی ہیں، انہیں 20سے30 کروڑ روپے، ایک وزارت اور ریاستی حیثیت کی بحالی کی پیشکش کی ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ارکان اسمبلی خود کو نہیں بیچیں گے اور ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی عوام اور خدا کے سامنے جوابدہ ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بھی کہا کہ پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زوردیا کہ وہ ہمت نہ ہاریں۔






