صدر آصف علی زرداری کا 1931کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت

اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے ”یوم شہدائے کشمیر”کے موقع پر ان 22 کشمیری شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے13جولائی 1931 کو ڈوگرہ افواج کی اندھا دھند فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کل بروز پیر منائے جانے والے” یوم شہدائے کشمیر ”کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر 1931 کے شہدا ء کی یاد میں ”یوم شہداء کشمیرمنارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ اس وقت بھی بھارتی جبر اور قبضے کے خلاف مصروف جدوجہد ہیں ،9لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے جموںوکشمیر پر قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیریوںکو یرغمال بنا رکھاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیری عوام سے ان کی شناخت چھیننے اور انہیں اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش کی۔ بھارت نے یوم شہدائے کشمیر پر مقبوضہ علاقے میں عام تعطیل بھی ختم کر دی ہے ، جو 1948 سے ہر سال منائی جاتی تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر کو فوری طور پر روکے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، علاقے کا فوجی محاصرہ ختم کرے اور وہاں آبادی کے تناسب میں تبدلی کی کوششوں سے باز رہے.





