مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ

سرینگر 25 جنوری (کے ایم ایس)
بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ کر کے وادی کشمیر اور جموں کے متعدد حصوں کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاگیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں مسافروں ،راہگیروں اورگاڑیوں کو روک کر انکی جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔پوری وادی کشمیر میں 26جنوری کے حوالے سے منعقد ہونے والی سرکاری تقاریب کے سلسلے میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کیاگیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے فضائی نگرانی اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فورسز نے کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر کی طرف جانیوالی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کر دی ہے جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی ۔ اسٹیڈیم کو سخت سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے۔ جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم جہاں 26جنوری کی سرکاری تقریب کے انعقاد کیلئے بھی سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر اور تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں میں اہم تنصیبات کے گرد بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد تعینات کر کے سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ تین حصارپر مشتمل سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔وادی کشمیر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں کل بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوںکو بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے ترجمان ابھی رام پنکج نے میڈیا کو بتایا کہ شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور بھارتی فورسز کو چوکس کردیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ 26جنوری کی سرکاری تقریبات کے دوران بھارتی فورسز سراغرساں کتے کے ہمراہ سرینگر شہر میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سرینگر شہر میں لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ شہر میں ڈرون کیمروںکے ذریعے بھی نگرائی کی جا رہی ہے جبکہ متعدد علاقوں میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔بارہمولہ ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ کے اضلاع میں بھی نام نہاد سیکورٹی کو سخت کردیاگیا ہے ۔ بارہمولہ اور سوپور میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تمام مسافر اور نجی گاڑیوںکی تلاشیاں لے رہے ہیں جبکہ جنوبی کشمیر سے ابھی اسی طرح کی اطلاعات ملی ہیں۔ بھارتی باڈر سیکورٹی فورس نے جموں میں ورکنگ بائونڈری پر ہائی الرٹ کردیا ہے ۔ بی ایس ایف نے ایک سرکاری بیان میں کہاہے کہ سیکورٹی کی موجودہ صورتحال اوریوم جمہوریہ کے موقع پر خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات کے پیش نظر جموں سرحد پر سیکورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بھارتی فوج ، سینٹرل ریزروپولیس فورس اور بھارتی پولیس مشترکہ گشت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button