پاکستان کامقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال پراظہار تشویش
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال پرتشویش کا اظہار کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں اور حریت رہنمائوں کو بلاجواز نظربند رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان حریت رہنمائوں کے خلاف بھارتی چارج شیٹ کی سخت مذمت کرتا ہے کیونکہ بھارت کشمیری قیادت کے خلاف بے بنیاد سیاسی مقدمات قائم کر رہا ہے.ترجمان نے مطالبہ کیا کہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کے خلاف بنائی گئی فرضی چارج شیٹ فوری طور پر واپس لی جائے اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے سے متعلق بھارتی الزامات کو پہلے بھی مسترد کر چکا ہے اور اب بھی مسترد کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور پاکستان میں مداخلت بھارت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہیں ۔ بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کر رہا ہے۔ عالمی برادری پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔






