امریکہ کا جرائم میں ملوث ہونے پربھارتی ٹرک ڈرائیورز پر پابندی لگانے پر غور
غیر قانونی تارکینِ وطن ڈرائیورز کیخلاف تاریخی کارروائی کریں گے:صدر ٹرمپ

نئی دہلی: امریکہ نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر بھارتی ٹرک ڈرائیورز پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی اخبار”انڈیا ٹوڈے “نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ نے تارکینِ وطن ٹرک ڈرائیورز کی جگہ امریکی فوج کے سابق اہلکاروں کوتعینات کرنے کی تجویز پیش کردی، اس تجویز کے نفاذ سے امریکہ میں کام کرنے والے تقریباً ڈیڑھ لاکھ بھارتی ٹرک ڈرائیورز متاثر ہونگے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے تارکینِ وطن ڈرائیورزسے متعلق نئی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کا باعث بننے والے غیر قانونی تارکینِ وطن ڈرائیورز کیخلاف تاریخی کارروائی کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ ڈرائیورز سائن بورڈز بھی نہیں پڑھ سکتے، ان میں سے بہت سے منشیات کے عادی ہوتے ہیں، یہ غیر قانونی طریقے سے ملک میں داخل ہوتے ہیں اور پورے امریکہ کی سڑکوں پر گاڑیاں چلا رہے ہوتے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ٹرک ڈرائیورز امریکہ میں سنگین حادثات اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے باعث سخت جانچ کی زد میں ہیں۔بھارتی شہریوں کو انکی بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں کے باعث مختلف ممالک میں پابندیوں سمیت ملک بدری کا سامنا ہے۔








