میر واعظ عمرفاروق کا بارش کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس ، فوری امداد کی اپیل

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے راجوری، پونچھ اور کشتواڑ اضلاع میں مسلسل بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ انہیں قدرتی آفت کے باعث جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ میری دعائیں سوگوار خاندانوں اور آفت سے متاثرہ تمام لوگوں کے ساتھ ہیں۔میرواعظ نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے، ان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور فوری امداد، پناہ گاہ اور دیگر ضروریات د فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے متاثرہ افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہاکہ اللہ سب کی حفاظت فرمائے اور ان خاندانوں کو صبر اور ہمت عطا فرمائے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔





