جموں خطے میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی

جموں:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع پونچھ سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعدجموں خطے میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد26ہو گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قاض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مرہ گائوں کی رہائشی خالدہ کوثر کی لاش سرنکوٹ میں فضل آباد برج کے قریب سے برآمد ہوئی ہے۔ وہ 18جولائی کی شب علاقے میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں بہہ گئی تھی۔لاش کو سرنکوٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش تدفین کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔حکام نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں ہلاکتوں کی تعداد 17ہو گئی ہے، جو متاثرہ اضلاع میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ پورے جموں خطے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 26ہو گئی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بارشوں کے باث مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 29افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔مقبوضہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے کیونکہ اب بھی چھ افراد لاپتہ ہیں۔






