میرواعظ نے سرینگر میں مسجد خلفائے راشدین کی توسیع وتعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھ دیا

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں مسجد خلفائے راشدین کی توسیع اور تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اس اقدام پر مقامی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے اس موقع پرایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نہ صرف عبادت کی جگہ بلکہ مسلمانوں کے لیے اپنے روزمرہ کے مسائل، سماجی، معاشی یا مذہبی معاملات پر بات چیت کرنے کا مرکز بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محلے کے لوگوں کے درمیان تنازعات کو عدالتوں کا سہارا لینے کے بجائے جہاں وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتے ہیں،مسجدوں میں بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور فریقوں کے درمیان باہمی اختلافات کو دور کیا جا سکتا ہے۔سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کا ذکر کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ اس کا منبر صدیوں سے لوگوں کے خدشات کو دورکرتارہا ہے۔ انہوں نے کہامذہبی، سماجی یا سیاسی امورپر بات چیت ہونی چاہیے۔ مساجد اپنے لوگوں کو درپیش مسائل سے دور نہیں رہ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کا جامع مسجد اور ادارہ میر واعظ کے ساتھ گہرا اور تاریخی رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کی حیثیت سے جامع مسجد کے منبر سے لوگوں کو درپیش مسائل اٹھائے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کا احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے اورمساجدکو عبادت، اجتماعی مسائل کے حل، مشاورت اور مفاہمت کا مرکز رہنا چاہیے۔





