”سی پی آئی ایم“ کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف5اگست کی احتجاج کرے گی

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف 5اگست کو احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ بھارت نے 5اگست 2109کو آئین کی دفعات 370اور 35اے منسوخ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے سیکرٹری محمد عباس راتھر نے ضلع کولگام میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ بھارتی فیصلے کے خلاف سرینگر کے لال چوک میں پرامن مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔
محمد عباس راتھر نے کہا کہ احتجاج کا مقصد بھارت بھر کے لوگوں کو یہ یاد دلانا ہے کہ یہ فیصلہ یکطرفہ طور پر اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی رضامندی کے بغیر کیاگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر ختم کر دی اور تاریخی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں جموں وکشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا۔ ہم نے اس فیصلے کو کبھی قبول نہیں کیا اور جمہوری اور پرامن طریقوں سے اس کی مخالفت جاری رکھیں گے۔






