بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنی ایک کالونی سمجھتا ہے: حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے فوری حل ، 5 اگست 2019 سے پہلے کی پوزیشن کی بحالی، ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 5 اگست 2019 کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے ساتھ ایک کالونی جیسا سلوک کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین بابوں میں سے ایک ہے جب بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی، سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق سے محروم کردیا۔ترجمان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بی جے پی حکومت اور اس کی قابض انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں میڈیا کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، صحافیوں کو بھارتی فورسز کی کارروائیوں کی رپورٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ایسا کرنے کی صورت میں صحافیوں کو آرمڈ فورسز اسپیشل پاورزایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت نظربند کیا جاتاہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت این آئی اے اورایس آئی اے جیسی ایجنسیوں کو کشمیریوں کو ہراساں کرنے، ان کی زمینوں اور جائیدادوں کو ضبط کرنے اور ان کے گھروں کو مسمار کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی سمیت تمام غیرقانونی اقدامات کی واپسی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل، تمام سیاسی نظر بندوں کی رہائی اور بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حریت ترجمان نے سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند حریت رہنما بلال صدیقی کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدستور غیر قانونی طورپرنظربند ہیں اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہاہے۔ ترجمان نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی اپنا موقف ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے خطے میں ترقی کے بی جے پی حکومت کے دعوﺅں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ اگست 2019 کے بعدکئے گئے اس کے وعدے محض فریب ثابت ہوئے ہیں۔








